دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ پاکستان لڑ رہا ہے
پاکستان ویوز(مانیٹرنگ ڈیسک )پشاور میں فرنٹیئر کور کی 26 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، آپ کا شمار ان خوش نصیبوں میں ہے جو ملک کے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، آج ہمیں دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ پاکستان لڑ رہا ہے، پاکستانی قوم نے لازاوال قربانیاں دی ہیں، میں ان ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنھوں نے وطن کی بقا کے لیے اپنے بیٹے قربان کیے۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ میں ان شہداؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنھوں نے ملک و قوم کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے، ہماری افواج دشمن کے آنکھ میں آنکھ ڈال کر ہر میدان میں مردانگی سے مقابلہ کرتی ہیں اور سب کچھ قربان کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی جذبے اور سیکیورٹی اداروں کی بہادری و قربانیوں کی بدولت یہ مٹی تا قیامت قائم و دائم رہے گی، ہر دور میں جب بھی اس قوم پر آزمائش کی گھڑی آئی فورسز نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں سب کو عزت ملے گی اور ہم کو تقسیم کرنے والوں کے عزائم انشاء اللہ خاک میں ملیں گے، ہم تمام پڑوسی ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، انڈیا کے ساتھ کرتار پور بارڈر ایک اچھی مثال ہے اور واضح ثبوت ہے جب کہ افغانستان کے مہاجرین کے لیے ہم نے ہر قسم کی قربانی دی۔