اب نیا پاکستان ہے، گٹھ جوڑ کا دور ختم، مشتاق غنی
پشاور: اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ ہمارا ریپڈبس سسٹم تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے، مارچ میں ہم اس کو شروع کردیں گے۔ خیبر پختونخوا میں ہسپتالوں کے معاملات پر قابو پانے کے باعث بہت زیادہ بہتری آئی ہے وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی۔ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے آرٹس کونسل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت ہو یا کوئی اور گٹھ جوڑ کا دور ختم ہوگیا ہے، اب نیا پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آپ کے سامنے ڈالر کا ریٹ ہے، پیسے میں بہت زیادہ کمی ہوئی، ہم دوستوں سے مدد لے رہے ہیں۔
مشتاق غنی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت 92 ارب ڈالر کے قرضے چھوڑ کرگئی تھی ان کے اپنے لوگ ہیں جو مارکیٹ سے ڈالر اٹھاتے اور معیشت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم غریبوں کیلئے سوچ رہے ہیں، یہ کافی ہے کہ ہم غریب دوست ہیں۔ صوبائی اسپیکر نے کہا کہ ریپڈبس سسٹم تعمیر کے آخری مرحلے میں ہے، مارچ میں ہم اس کو شروع کریں گے، یہ لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد سے مختلف ہے اس میں سائیکل ٹریکس ہیں، شاپنگ پلازے ہیں، اس لئے ٹائم لگ گیا ہے۔