تحریک لبیک کے قائم مقام امیر ڈاکٹر شفیق امینی بھی گرفتار
چارسدہ: مرکزی قائم مقام امیر تحریک لبیک پاکستان ڈاکٹر شفیق امینی کو گزشتہ روز تحفظ ناموس رسالت (ص) مارچ کے بعد چارسدہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ جمعہ کو چارسدہ میں تحفظ ناموس رسالت(ص) مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شفیق امینی نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کا راستہ روکنے سے ملک میں شدت پسندی جنم لے گی، کوئی بھی حکومت عوام کو غلام بناکر نہیں چلائی جاسکتی، امریکا نے 17 برس طالبان سے جنگ کی لیکن آخرکار اب وہ طالبان کو سسٹم میں آنے کی دعوت دے رہا ہے، یہاں ہم پہلے سے ہی سسٹم میں موجود ہیں لیکن ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ جمعہ کو تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام کراچی، لاہور، چارسدہ سمیت ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں تحفظ ناموس رسالت (ص) مارچ کیے گئے۔ چارسدہ میں ڈاکٹر شفیق امینی کی زیرقیادت مارچ کیا گیا۔ مارچ کے موقع پر چارسدہ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بھاری نفری موجود تھی۔ مارچ کو مکمل طور پر پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے گھیرے میں لیے رکھا۔
مارچ کے اختتام پر پولیس نے مرکزی قائم مقام امیر ڈاکٹر شفیق امینی کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے موقع پر ڈاکٹر شفیق امینی نے کہا کہ یہاں ہمارے سامنے بھارت یا امریکا کی پولیس نہیں ہے، ہم اس ملک میں بدامنی نہیں چاہتے، فساد اور خونریزی سے بچنے کیلئے گرفتاری دے رہا ہوں، ہم محب وطن ہیں، ہم سے بڑا محب وطن ڈھونڈے نہیں ملے گا، ہمیں حب الوطنی کی سزا دی جا رہی ہے۔ کراچی اور لاہور میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ہمارے پُرامن احتجاج میں ہنگامہ آرائی کی، تحریک لبیک پاکستان کے پرامن احتجاج پر فائرنگ، شیلنگ اور پتھراؤ کیا گیا، اگر احتجاج کرنا دہشتگردی ہے تو یہ دہشتگردی سب سے زیادہ خود وزیراعظم عمران خان نے کی ہے۔
ڈاکٹر شفیق امینی نے مطالبہ کیا کہ دو عدالتوں میں ثابت شدہ گستاخ آسیہ ملعونہ کا نام فوری طور پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جائے اور ٹی ایل پی کے تمام گرفتار قائدین کو فوری رہا کیا جائے۔ عوام نے ٹی ایل پی کے”تحفظِ ناموسِ رسالت مارچ” میں بھرپورشرکت کرکے ثابت کردیا کہ قوم آسیہ ملعونہ کی پھانسی چاہتی ہے۔ ڈاکٹر شفیق امینی نے چارسدہ، لاہور اور کراچی، لاہور، چارسدہ سمیت ملک بھر رکاوٹوں اور گرفتاریوں کے باوجود ٹی ایل پی کارکنان نے کامیاب مارچ کا اہتمام کیا، احتجاجی مارچ کو روکنے کی کوششیں ناکام بنانے اور مارچ کو کامیاب بنانے پر تمام کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔