خیبر پختونخواہ

پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کو ڈھال بناکر کرپشن کی، شوکت یوسفزئی

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ دوسروں پر الزامات لگانے والے اپنے گریبان میں ضرور جھانکیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کو ڈھال بنا کر کرپشن کی ہے، بی آر ٹی پشاور کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی منصوبہ ہے، ہمایوں خان کو اربوں اور کھربوں میں فرق کر لینا چاہئے، ایسے ’’درویش‘‘ بھی گزرے ہیں جن کے پاس سائیکل بھی  نہ تھی لیکن آج وہ   پیجارو میں گھوم رہے ہیں ۔

پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر سابق صوبائی وزیر خزانہ ہمایوں خان کی پریس کانفرنس میں لگائے گئے الزامات کے رد عمل میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ دوسروں پر الزامات لگانے والے اپنے گریبان میں ضرور جھانکیں، بی آر ٹی 66ارب کا منصوبہ ہے اور اپنی تکمیل کے مراحل میں ہے، پیپلزپارٹی اپنے پچھلے تینوں ادوار میں پشاور پر10ارب نہیں لگا سکی، آج اتنے بڑے منصوبے پر انگلی اٹھانا انہیں زیب نہیں دیتا ،نیب نہ جانے ایسے لوگوں کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہا جنہوں نے کھل کر کرپشن کی ہے؟۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس الیکشن لڑنے کے پیسے نہیں تھے، آج پشاور اور اسلام آباد میں بنگلوں کے مالک کیسے بن گئے؟۔ انہوں نے کہا کہ ایک گھر بھی بنے تو آس پاس کے لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے ،بی آر ٹی تو27کلو میٹر ہے جس میں انڈر پاسز اور کئی پل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم میں بسوں کی خریداری ، پرانی بسوں کو سکریپ کرنے اور چمکنی، ڈبگری گارڈن اور حیات آباد میں بزنس سنٹرز کی تعمیر بھی شامل ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close