Featuredخیبر پختونخواہ

امریکا طالبان سے مذاکرات کیلئے پاکستان کی منت کررہا ہے، شوکت یوسفزئی

پشاور: وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ بھارت جانتا ہے کہ پاکستان کا مقابلہ نہیں کرسکتا اور امریکا طالبان سے مذاکرات کیلئے پاکستان کی منت کررہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پشاور میں تقریب کے دوران طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا جانتی ہے وزیراعظم عمران خان چور نہیں، اسی وجہ سے ہی سرمایہ کاری ملک میں آرہی ہے۔

طالبان مذاکرات کے حوالے سے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ امریکا طالبان سے مذاکرات کیلئے پاکستان کی منت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کا خاتمہ کریں گے، سعودی عرب سے مزدوروں کی رہائی وزیراعظم نے ممکن بنائی۔ بھارتی دھمکیوں سے متعلق صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت جانتا ہے پاکستان کا مقابلہ نہیں کرسکتا، بھارت ویسے ہی دھمکیاں دے رہا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ طلبا کو مستقبل میں روشن اور مواقع سے بھر پور پاکستان دیں گے، سفارشی کلچر کا خاتمہ کردیا، ذہین و محنتی طلبا کو صلہ ملے گا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت علی یوسفزئی نے کہا تھا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، احتساب کا عمل جاری رہے گا، نیب کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا حکومت کو 30 ہزار ارب روپے کا خسارہ ورثے میں ملا تھا، موجودہ حکومت نے انتھک محنت اور کامیاب حکمت عملی سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، حکومت کو مختصر مدت میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خارجہ محاذ پر قومی مؤقف اور بیانیے کو اجاگر کیا گیا، ملکی معیشت پر بھر پور توجہ دی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور آج سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close