ڈی آئی خان پولیس کی کارروائی، لشکر جھنگوی کے چار دہشتگرد گرفتار
ڈی آئی خان: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکر جھنگوی کے خطرناک ٹارگٹ کلر اور مفرور دہشت گرد اقبال کھیارہ عرف بالی کی موجودگی کی اطلاع پہ چھاپہ مار کر اس کے چار خطرناک ساتھیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی نے گرفتار دہشتگردوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس ڈیرہ نے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی گروپ کے امیر ٹارگٹ کلر دہشت گرد مجرم اشتہاری محمد اقبال عرف بالی ولد اللہ وسایا قوم کھیارہ سکنہ چاہ خانیوالہ تحصیل پروا کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا لیکن مفرور اشتہاری ملزم وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے خطرناک مفرور اشتہاری اور اس کے دیگر تنظیمی افراد کو ہر قسم کی سہولت، قیام، طعام اور ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں چار افراد نعمت اللہ ولد محمد سلیم قوم ڈمرہ سکنہ رمک، تحسین اللہ ولد حمد خان قوم بھمب سکنہ گرہ گل داد، کاشف عرف کاشی ولد عبدالستار قوم درکھان سکنہ محلہ کمال خیل کلاچی اور امر اللہ ولد عبداللہ جان قوم بورا خیل سکنہ روڑی کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مذکورہ گرفتار ملزمان لشکر جھنگوی گروپ کے سرگرم اراکین ہیں جو کہ محمد اقبال عرف بالی اور دیگر تنظیمی افراد کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔