پشاور میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، 5 دہشتگرد ہلاک
پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان تقریباً 17 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس نے حیات آباد کے ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی پر گزشتہ رات چھاپہ مارا تو اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد اضافی نفری طلب کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج اور صوبائی پولیس نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں خفیہ اطلاعات پر دہشتگردوں کی پناہ گاہ پر کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں اے ایس آئی قمر عالم شہید اور ایک جوان اور افسر زخمی ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کامیاب کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ایڈیشنل آئی جی ہم ڈسپوزل یونٹ شفقت ملک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گھر میں 50 سے 60 کلو گرام بارودی مواد نصب کیا گیا تھا جسے ناکارہ بنانے کے دوران گھر میں زور دار دھماکا ہوا اور وہ منہدم ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جس گھر میں دہشت گرد موجود تھے وہ ایک ماہ قبل ہی کرایہ پر لیا گیا تھا جس کا مالک بیرون ملک ہے۔
کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے بھی آپریشن کی جگہ کا دورہ کیا اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
حیات آباد آپریشن میں شہید پولیس اہلکار قمر عالم کی نماز جنازہ ملک سعد پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی جس میں وزیراعلیٰ محمود خان، کور کمانڈر پشاور شاہین مظہر محمود اور آئی جی محمد نعیم خان نے شرکت کی۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کے مطابق حیات آباد میں جج اور ایڈیشنل آئی جی پر حملے کی اطلاعات تھیں جس کے پیش نظر پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیا۔
شہید پولیس اہلکار سے متعلق شوکت یوسفزئی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار قمر عالم کا تعلق بڈھ بیر ماشخیل سے تھا۔