شمالی وزیرستان میں افغانستان سے حملہ، 3 پاکستانی سکیورٹی فورسز کے جوان شہید
پاکستان تمام رکاوٹوں کے باوجود افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل جاری رکھے گا
پشاور: شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگاتے ہوئے فوجی جوانوں پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کے تین جوان شہید ہوگئے جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے الوارہ میں 60 سے 70 دہشتگردوں نے پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کے دوران پاک فوج کے جوانوں پر حملہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 5 دہشت گرد مارے گئے
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردوں کو پسپا کردیا اور جوابی کارروائی میں کئی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران پاک فوج کے تین جوان بھی شہید ہوئے جن میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل ہیں جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 7 فوجی جوان زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان تمام رکاوٹوں کے باوجود سرحد پر باڑ لگانے کا عمل جاری رکھے گا، افغان سیکیورٹی فورسز اور حکام کو سرحد پر کنٹرول مؤثر بنانے کی ضرورت ہے، افغانستان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔