مفتی منیب کو آرام کرنیکا موقع دیکر پوپلزئی کو رویت ہلال کا چیئرمین بنایا جائے، شوکت یوسفزئی
پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مفتی منیب الرحمٰن کو آرام کرنے کا موقع دے کر مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو رویت ہلال کا چیئرمین بنایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ مفتی شہاب الدین کے اکثر فیصلے درست ہوتے ہیں، عیدیں اور رمضان تقسیم ہونے پر افسوس ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رویت ہلال کونسل نے مفتی شامزئی پوپلزئی کو بھی مات دیدی، عیدالفطر 16 جون کو ۔۔۔۔
انہوں نے مزید کہا کہ روزے اور عید پر قوم کے تقسیم ہونے کا حل نکلنا چاہیئے، مفتی شہاب کو موقع دے کر رویت ہلال کمیٹی میں تبدیلی لانی چاہیئے، ساتھ ہی ساتھ فواد چوہدری اور ان کی ٹیم کو بھی مسائل کے حل کیلئے موقع دینا چاہیئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مفتی منیب الرحمٰن کو اب کو آرام کرنے دیا جائے۔
شوکت یوسف زئی کی بات پر ردعمل دیتے ہوئے مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ چاند دیکھنا جن کا کام ہے انہیں ہی دیکھنے دینا چاہیئے، شوکت یوسفزئی اچھے اور حقیقت پسند آدمی ہیں۔ مفتی منیب الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ شوکت یوسف زئی کے اس کُلیئے کے تحت پشاور کا بی آرٹی منصوبہ بھی پوپلزئی کی تحویل میں دے دینا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پوپلزئی پر کنٹرول نہیں کرسکتے تو حکومت پوپلزئی کے حوالے کر دیں۔
یاد رہے کہ رویت ہلال کے معاملے پر وفاقی حکومت کی رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم علی خان پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی قیادت میں بیٹھنے والی غیر سرکاری اور غیر آئینی رویت ہلال کمیٹی میں ہر سال اختلاف ہوتا ہے جس کے سبب ملک میں کئی سال سے 2 رمضان اور 2 عیدوں کا سلسلہ چلا آرہا ہے۔
اس حوالے سے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنا منصب سنبھالتے ہی اس قضیے کا سائنٹفک حل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کام اب تکنیکی بنیادوں پر ہونا چاہیئے۔ اس مقصد کیلئے انہوں نے آئندہ 5 سال کا قمری کلینڈر بھی تیار کروایا ہے جس کے مطابق رواں سال عید الفطر 5 جون کو ہونی ہے۔
مفتی منیب الرحمٰن کی سربراہی میں رویت ہلال کمیٹی کل اجلاس منعقد کرے گی جس میں چاند نظر آنے کی شہادتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ مفتی منیب الرحمٰن اور شہاب الدین پوپلزئی وزارت سائنس کے تیار کردہ کلینڈر اور موبائل ایپ کو تسلیم کرنے سے انکار کرچکے ہیں۔