خیبر پختونخواہ
دین میں فرقہ واریت پیدا کرنے والے کبھی فلاح نہیں پائیں گے، امام کعبہ
نوشہرہ: امام کعبہ شیخ صالح بن ابراہیم کا کہنا ہے کہ امت میں کبھی انتشار نہیں پیدا کرنا چاہیے جب کہ دین میں فرقہ واریت پیدا کرنے والے کبھی فلاح نہیں پائیں گے۔ نوشہرہ میں جے یو آئی کے صد سالہ اجتماع کے دوران امام کعبہ شیخ صالح بن ابراہیم نے نماز جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے فرمایا کہ امت میں کبھی انتشار نہیں پیداکرناچاہیے، قرآن کہتاہے کبھی فرقہ واریت میں نہ پڑو، دین میں فرقہ واریت پیدا کرنے والے کبھی فلاح نہیں پائیں گے جب کہ اسلام امن و محبت کا دین ہے، قرآنی تعلیمات اور رسول اللہﷺ کی اسوہ حسنہ میں ہی فلاح ہے۔ امام کعبہ شیخ صالح بن ابراہیم نے کہا کہ قرآنی تعلیم ہے اللہ کی رسی کومضبوطی سے پکڑو اور تفرقے میں نہ پڑو، تمام مسلمان فرد واحد ہیں، اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو بہترین قوم بنایا، مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ فروعی اختلافات میں نہ پڑیں۔