خیبر پختونخواہ

جے یو آئی (ف) مذہب کی آڑ میں سیاسی مفادات حاصل کر رہی ہے، شوکت یوسف زئی

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ امام کعبہ کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، جمیعت علماء اسلام (ف) مذہب کی آڑ میں سیاسی مفادات حاصل کر رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن تحریک انصاف کی مقبولیت سے خائف ہیں، امام کعبہ کو پشاور آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، نواز شریف اور آصف زرداری کو اجتماع میں مدعو کر کے جے یو آئی (ف) نے واضح کر دیا کہ کرپشن ان کے نزدیک کوئی برائی نہیں ہے۔ عمران خان چور سیاستدانوں کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 1حسنین شہید پشاور میں منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی مُک مُکا کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے، امام کعبہ کا احترام کرتے ہیں صوبائی حکومت نے انہیں اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا ہے، تاہم جے یو آئی (ف) نے نواز شریف اور آصف زرداری کو مدعو کرکے پیغام دے دیا کہ کرپشن ان کے نزدیک کوئی برائی نہیں، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں خفیہ ڈیل ہو گئی ہے، ایان علی، ڈاکٹر عاصم اور شرجیل میمن کی رہائی بھی ہونے والی ڈیل کا ہی نتیجہ ہے۔

اس موقع پر شوکت یوسفزئی نے یہ بھی کہا کہ بجٹ کا بڑا حصہ تعلیم پر خرچ کیا جا رہا ہے، اب تک 3 سالوں میں 40 ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کئے گئے ہیں، پچھلے سال 8 لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخلہ دلوانے کا ٹارگٹ حاصل کر لیا ہے، امسال 9 لاکھ بچوں کو داخلہ دلوانے کا ٹارگٹ رکھا ہوا ہے، اب سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری کی وجہ سے لوگوں کا سرکاری سکولوں پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close