روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کے تحت مزید چینی اور دوسری غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی، پرویز خٹک
پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی پرویز خٹک نے کہاہے کہ روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کے تحت مزید چینی اور دوسری غیر ملکی کمپنیاں پاکستان اور خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کریں گی جوپاکستان کے لئے گیم چینجر ہوگا۔ چینی اخبارگلوبل ٹائم میں شائع ہونے والے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے حکومت پاکستان نے سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ کے اہم منصوبے کے تحت سازگار صنعتی پالیساں نافذ کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی پالیسیاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں لانے کے لئے معاون ثابت ہوں گی۔چین کے سرکاری دورے کے موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ ان کی چینی سرمایہ کاروں سے ملاقات نہایت کامیاب رہی اورون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں وافر مقدار میں مواقع ہونے کے باعث وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی دلچسپی لے رہی ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہم کھلے دل سے خوش آمدید کہیں گے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں،سیاحت ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر جو منصوبے جاری ہیں وہ منافع بخش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے منصوبوں کو تحفظ دینے کے لئے ہزاروں سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں اور اس کے علاوہ صوبے نے 4 ہزار پولیس اہلکاروں پر مشتمل خصوصی فورس بھی بنائی ہے۔وزیراعلی خیبر پختونخواہ نے کہا کہ صوبے نے مفاہمت کی 60 یادشتوں پر دستخط کئے ہیں جن میں سے 25 ایم او یوز مقامی کاروباری اداروں اور کمپنیوں کے ساتھ ہیں۔