ڈی آئی خان، پولیس موبائل پر دہشت گردوں کا حملہ، 2 اہلکار زخمی، 2 دہشت گرد ہلاک
ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس پارٹی پر دہشت گردوں نے دستی بموں اور فائرنگ سے حملہ کیا ہے، مگر پولیس پارٹی کو بروقت کمک میسر آنے پر حملہ آور دہشت گردوں میں سے دو موقع پر ہی ہلاک جبکہ باقی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ملانہ کے علاقے میں پولیس پارٹی سرچ آپریشن کرکے واپس جارہی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار ڈی ایف سی گومل یونیورسٹی ولایت اور ایف آر پی کانسٹیبل جاوید پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی اور دستی بم پھینک دیا، جس سے دونوں اہلکار زخمی ہو گئے، اس دوران پیچھے سے آنے والی پولیس پارٹی نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دو طرفہ مقابلے میں دستی بموں کا بھی استعمال کیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی ڈی پی او یاسر آفریدی پولیس پارٹی کے ہمراہ فوراً موقع پر پہنچ گئے اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دونوں دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان دہشت گردوں سے اسلحہ اور دیگر مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کے زریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ منتقل کر دیا گیا جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ آر پی او سید فدا حسن شاہ کے مطابق پولیس عوام کی جان و مال و عزت و آبرو کی محافظ ہے، پولیس نے ڈٹ کر جواں مردی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور دونوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے اور ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں کے بارے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔