خیبر پختونخواہ

امیر مقام نے شانگلہ کی عوام کے نام پر کرپشن کی، پرویز خٹک

خیبرپختونخواہ: وزیراعلٰی پرویز خٹک نے شانگلہ میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے چوروں اور لٹیروں کو کٹہرے میں لا کر کھڑا کیا، شانگلہ کی حالت دیکھتا ہوں تو افسوس ہوتا ہے، امیر مقام نے شانگلہ کی عوام کے نام پر کرپشن کی، روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے زرداری کو ارب پتی بنایا، عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیں رشوت سے بھری حکومت حوالے کی، ہم نے نظام کو تبدیل کیا۔ جلسہ سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء شوکت یوسفزئی، وزیراعلٰی کے مشیر عبدالمنعم، عبدالحق، زرگل، نواز محمود، رحم زادہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پرویز خٹک نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ اے این پی والوں سے بڑے چور خواب میں بھی نہیں دیکھے، جب حکومت ملی سکولوں اور ہسپتالوں کا بُرا حال تھا، نہ استاد سکول جاتا تھا، نہ ڈاکٹر کو ہسپتال معلوم تھا اور نوکریاں بِکا کرتی تھیں، سرکاری افسران فائل میں کاغذ دیکھنے کے بجائے پیسے تلاش کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم حقیقی تبدیلی لائے ہیں۔ پولیس، پٹوار کلچر کو تبدیل کر دیا ہے، سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی 100 فیصد حاضری کے ساتھ ہزاروں اساتذہ میرٹ پر بھرتی کئے، ہم نے 200 سے زائد قانون سازیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعت نے صوبے میں 5 سال حکومت کی لیکن مذہب کے لئے کچھ نہیں کیا، ہم نے پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک ناظرہ کو لازمی قرار دیا، سود کے خاتمے اور جہیز کی لعنت کے خاتمے کے لئے قانون سازی کی۔ امیر مقام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ شانگلہ سے کئی بار کامیاب ہونے والے امیر مقام نے یہاں کی عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، عوام آئندہ الیکشن میں ان کا محاسبہ کریں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close