قصور :غریب مزدور کو قتل کرکے لاش پر شادی کا کھانا کھایا جارہا ہے
پتوکی میں باراتیوں کے مبینہ تشدد سے پاپڑ بیچنے والا محنت کش جاں بحق ہو گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ پاپڑ فروش کی لاش بے یارومدد گار زمین پر پڑی رہی بے حس باراتی پُرسکون انداز میں کھانا کھاتے رہے۔
جاں بحق پاپڑ فروش اشرف کے برادر نسبتی نے باراتیوں پر مقتول پاپڑ فروش کو ڈنڈوں اور مکوں سے مارنے کا الزام عائد کیا ہے۔
پاپڑ فروش اشرف عرف سلطان کی پتوکی کے شادی ہال میں ہلاکت کے معاملے پر اشرف کے برادر نسبتی پرویز نے پولیس کو بتایا کہ وہ ساتھیوں کے ساتھ موٹرسائیکل پر شادی ہال کے باہر سے گزر رہا تھا۔
اس نے دیکھا کہ شادی ہال میں کچھ باراتی پاپڑ بیچنے پر اشرف کو ٹھڈوں اور مکوں سے مار رہے ہیں، انہوں نے چھڑانے کی کوشش کی مگر ملزم باز نہ آئے، اسی دوران اشرف زمین پر گر گیا، ریسکیو ٹیم نے آکر اشرف کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس نے پرویز کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے شادی ہال منیجر وقاص سمیت 12 افراد کو حراست میں لے لیا۔
ڈی پی او قصور کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ میں ڈاکٹروں نے متوفی کے جسم پر تشدد کی تصدیق نہیں کی۔
سی سی ٹی وی کیمروں اور ویڈیوز سمیت دیگر شواہد جمع کر لئے ہیں، جن کی مدد سے تمام پہلوؤں پر تحقیقات کی جارہی ہیں ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نےکہا کہ ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔