کم سن بچے کا ریپ اور قتل کرنے والے شخص کو پھانسی
گجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے شہر گجرانوالہ کی سینٹرل جیل میں کم سن بچے کے ریپ اور قتل کے مجرم کو پھانسی دے دی گئی۔ جیل سپرنٹنڈنٹ چوہدری اصغر کے مطابق مجرم قاصر شاہ نے 2006 میں ضلع حافظ آباد کے گاؤں ولگاں سلگیاں میں 7 سالہ ایان کو ریپ کے بعد قتل کردیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق، قاصر شاہ اپنے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے کم سن لڑکے کو بہلا پھسلا کر کھیتوں میں لے گیا جہاں ریپ کا نشانہ بنانے کے بعد اسے قتل کردیا۔
متاثرہ بچے کے والدین نے اس کی گمشدگی پر پولیس کے پاس رپورٹ درج کرائی اور بعد ازاں بچے کی لاش گاؤں کے نزدیک واقع تالاب سے برآمد ہوئی۔ پولیس نے شبے کی بنیاد پر قاصر شاہ کو گرفتار کیا اور دوران تفتیش ملزم نے اپنے مکروہ جرم کا اعتراف کرلیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج اشتر عباس کی جانب سے موت کی سزا سنائے جانے کے بعد مجرم قاصر شاہ کو گذشتہ روز (5 جولائی) تختہ دار پر لٹکادیا گیا۔