راحیل شریف کے اچانک پاکستان آنے کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی
لاہور: سابق آرمی چیف اور اسلامی عسکری اتحاد کے سربراہ جنرل (ر)راحیل شریف کے اچانک سعودی عرب سے پاکستان آنے کی اصل وجہ سامنے آ گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق راحیل شریف گزشتہ روز سعودی حکومت کے خصوصی طیارے پر لاہور پہنچے تھے اور ان کے ساتھ ایک سعودی شہری بھی تھا ۔راحیل شریف پاکستان ذاتی نویت کے دورے پر آئے ہیں ،سابق آرمی چیف کے خاندانی ذرائع کا کہناہے کہ وہ ممکنہ طور پر فیملی کی ایک نجی تقریب میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر پاکستان آئے ہیں ۔گزشتہ روز سعودی عرب کا خصوصی طیارہ رات گئے واپس روانہ ہو گیا تھا تاہم جہاز کے عملے کو کچھ گھنٹوں کے لیے لاہور کے نجی ہوٹل میں ٹھہرایا گیا تھا ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ راحیل شریف اسلامی عسکری اتحاد کی سربراہی سے دستبردار ہو رہے ہیں تاہم اس حوالے سے کسی قسم کی تردید یا تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔اپریل کے شروع میں وفاقی حکومت کی جانب سے راحیل شریف کو سعودی عرب کی سربراہی میں بنائے جانے والے اسلامی عسکری اتحاد کی قیادت کرنے کی باضابطہ اجازت دے دی گئی تھی۔اس کا ہیڈ کواٹر سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہے ،عسکری اتحاد میں سعودی عرب ،پاکستان ،ترکی ،متحدہ عرب امارات ،بحرین ،بنگلہ دیش ،سوڈان ،ملائشیاء،مصراور یمن سمیت دیگر مسلم ممالک شامل ہیں ۔