پنجاب

سپریم کورٹ سے (ن) لیگ کی سیاست کا تابوت، ثبوت اور بھوت بھی نکلے گا، شیخ رشید

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نون لیگ کے 4 وزیروں کی پریس کانفرنس سے لگتا ہے کہ ان کو نتیجے کی بو آگئی ہے جبکہ نواز شریف کا گینگ ہی ان کو مروائے گا۔ راولپنڈی میں لال حویلی میں پریس کانفرنس کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاناما کیس نواز شریف کے خاندان کے خلاف ہے، نوازشریف کے خلاف فوجداری تحقیقات ہو رہی ہیں، جو لوگ نواز شریف کا دفاع کر رہے ہیں وہ نواز شریف کے ذاتی ملازم ہیں، نون لیگ کے 4 وزیروں کی پریس کانفرنس سے لگتا ہے کہ ان کو نتیجے کی بو آگئی ہے جب کہ نواز شریف کا گینگ ہی نواز شریف کو مروائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ قطری شہزادہ حسین نواز کا گواہ ہے، قطری شہزادہ نوازشریف کے لیے نہیں بلکہ حسین نواز کی صفائی کے لیے آیا تھا، قطری نے کہا وہ پاکستانی عدالتوں کے دائرہ کار کو نہیں مانتا، جے آئی ٹی مین نواز شریف پیش ہو سکتے ہیں تو قطری شہزادہ کیوں نہیں، حکومت کی ذمہ داری تھی وہ قطرہ شہزادے کو پیش کرتی۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ نون لیگ والے فوج کو چیلنج کر رہے ہیں، اسمبلی توڑنا نواز شریف کا کام ہے، اگر نواز شریف نے اسمبلی توڑنی ہے تو صوبوں کی اسمبلیاں بھی توڑنا ہوں گی جبکہ نواز شریف نے ہمیشہ خود اپنے خلاف سازشیں کیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم فوج اور عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے لیکن بعض لوگ ملک میں خلفشار پھیلانا چاہتے ہیں، جے آئی ٹی ارکان کو سیلوٹ کرتا ہوں، ساری قوم عدلیہ کے فیصلے کا انتظار کر رہی ہے، اگر دوبارہ جرح ہوئی تو نواز شریف کو دبارہ طلب کرنے کی استدعا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کو جو بھی فیصلہ ہوگا ہم تسلیم کریں گے جبکہ سپریم کورٹ سے (ن) لیگ کی سیاست کا تابوت، ثبوت اور بھوت بھی نکلے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف جب بھی دو تہائی اکثریت لیتے ہیں ان کی گردن میں سریا آ جاتا ہے، نواز شریف ہر پرچے میں فیل ہوتے نظر آ رہے ہیں، نواز شریف سے ہر جگہ میں اور عمران مقابلے کے لیے تیار ہیں اور جب تک مقابلے کی گھڑی ہوگی ہم عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close