پنجاب

کرپٹ عناصر کو ساتھ ملا کر احتساب کی بات کرنا نیازی صاحب کو زیب نہیں دیتا، شہباز شریف

لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا ملاقات کرنیوالے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دھرنا پارٹی کی ہٹ دھرمی کے باعث ملک کی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے، دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے معیشت کا جنازہ نکالنے کی کوشش کی گئی، دھرنوں اور لاک ڈاؤن کی ناکامی کے بعد یہ عناصر نیا روپ دھار کر سامنے آئے ہیں، نیازی صاحب نے دھرنے اور لاک ڈاؤن کی ناکامی کے باوجود تاریخ سے سبق حاصل نہیں کیا، کرپٹ عناصر کو ساتھ ملا کر احتساب کی بات کرنا نیازی صاحب کو زیب نہیں دیتا، پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین منتخب قیادت پر بے بنیاد الزامات کی کوئی حیثیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا، تیزی سے مکمل ہوتے ہوئے توانائی اور دیگر ترقیاتی منصوبے مخالفین پر بجلی بن کر گر رہے ہیں کیونکہ انہیں خوف ہے کہ شفاف ترین منصوبے مکمل ہونے سے ان کی بچی کھچی سیاست بھی دم توڑ جائے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ نیازی صاحب کی ہر صبح کا سورج ایک نئے جھوٹ سے طلوع ہوتا ہے اور دھرنا پارٹی کے سربراہ جمہوری اقدار کی سوجھ بوجھ اور اخلاقیات سے عاری ہیں، بے بنیاد الزام تراشی اور دروغ گوئی کے باعث جھوٹ بولنے کے ماہر سیاستدان عوام میں اپنی ساکھ کھو بیٹھے ہیں، پہلے ان عناصر نے دھرنوں کے ذریعے ملکی معیشت کا دھڑن تختہ کرنے کی پوری کوشش کی اور بعد میں لاک ڈاؤن کے ذریعے ایک بار پھر پاکستان کو تباہ کرنے کی سازش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے صوبے کے عوام کی خدمت کی بجائے یہ سیاستدان جمہوری نظام کو کمزور کرنے کے درپے ہیں جبکہ دھرنوں کے دوران ان عناصر نے قومی اداروں پر دھاوا بول کر اپنا اصل چہرہ عوام کو دکھا دیا تھا، جھوٹ، جھوٹ اور مزید جھوٹ ان عناصر کی سیاست کا طرہ امتیاز ہے، اربوں روپے کے قرضے معاف کرانیوالے نیازی صاحب کے دائیں بائیں کھڑے ہیں اور ماضی کے کرپٹ حکمرانوں سے تعلق رکھنے والا ایک سابق وزیر’’ احتساب پارٹی‘‘ میں شامل ہو کر لیکچر دے رہا ہے، اس شخص نے ہوس زرکی خاطر نندی پور پاور پراجیکٹ کی مشینری کو 3 برس تک کراچی کی بندرگاہ پر روکے رکھا جس سے مشینری ضائع ہوئی اور خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے دکھ درد کو سمجھنا اور ان کے مسائل کا حل غیر جمہوری طرز عمل والے سیاستدانوں کے بس کی بات نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کے چرچے آج بھی زبان زد عام ہیں، سابق دور میں ہر نیا دن کرپشن کے نئے سکینڈل سے شروع ہوتا تھا، غریب قوم کے وسائل لوٹنے والے آج کس منہ سے کرپشن کی بات کرتے ہیں، ان عناصرنے قوم کو اندھیرے دیئے اور معیشت کا بیڑا غرق کیا اور آج ہمارے مخالفین کو تیزی سے ترقی کرتا ہوا پاکستان کھٹک رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 4 سال شفافیت کے گواہ ہیں۔ منصوبوں میں شفافیت کے ذریعے اربوں روپے کے قومی وسائل بچا کر نئی مثال قائم کی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close