پاناما کی لڑائی میں کوئی بھی فاتح بن کر نہیں نکلے گا، سعد رفیق
راولپنڈی: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ایسا ہرگز نہیں ہو سکتا کہ صرف ایک خاندان کا احتساب ہو اور باقی بچ جائیں، پاناما کی لڑائی میں کوئی بھی فاتح بن کر نہیں نکلے گا۔ راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہماری جانب سے جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچ سکتا لیکن الزام تراشی کی سیاست لوگوں کو جمہوریت سے مایوس کر رہی ہے جب کہ پی ٹی آئی میں وہ لوگ بھی ہیں جو پچھلے دورمیں سَر تا پاوں کرپشن میں ڈوبے ہوئے تھے اور عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے ہو کر نیا پاکستان بنانے کی باتیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا ہر گز نہیں ہو سکتا کہ صرف شریف خاندان کا احتساب ہو اور دیگر لوگ بچ جائیں، اگر یہ بات چل نکلی تو باقی حکمران خاندان تک جائے گی اور اس لڑائی میں کوئی بھی فاتح بن کر نہیں نکلے گا۔
سعد رفیق نے کہا کہ جے آئی ٹی پر تحفظات کے باوجود پیش ہوئے، عمران خان پہلے دھرنے دیتے تھے اور اب کرپشن کا رونا روتے ہیں، اگر کرپشن کا الزام ہوتا تو کسی پراجیکٹ پر ہوتا، یہ نہیں ہو گا جو وفات پا گئے ہیں ان کے کھاتے بھی کھلوائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حیرت اس بات پر ہے کہ چوری کی چُوری کھا کر جوان ہونے والے بلاول بھی کرپشن کی بات کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ معلوم نہیں تھا افتخار چودھری بحالی کے بعد نیا طریقہ کار اختیار کریں گے جب کہ ارسلان افتخار مقدمے میں قائم انصاف کے پیرا میٹرز پر بھی جے آئی ٹی بننی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں وکلا اور سول سوسائٹی نے عدلیہ کی بحالی کی تحریک چلائی جو جائز تھی۔