عمران خان کی گرفتاری کا مقصد انتقام لینا یا کردار کشی ہے تو یہ غلط ہوگا
کھاریاں: عمران خان کا بیانیہ ہر ہفتے تبدیل ہورہا ہے، پی ٹی آئی قائد کی تلخ باتوں کا کوئی فائدہ نہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان نے اگر قانون توڑا ہے تو قانون سب کے لیے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کا مقصد انتقام لینا یا کردار کشی ہے تو یہ غلط ہوگا، پی ٹی آئی قائد تصادم کی طرف جارہے ہیں، جو جمہوریت کےلیے ٹھیک نہیں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کے اداروں پر حملے اور فوج کی کردار کشی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی، اُن کی تلخ باتیں نہ ملک کے لیے نہ ہی کسی اور کے لیے مفید ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کا بیانیہ مسلسل تبدیل ہورہا ہے، ہر ہفتے نیا بیانیہ آجاتا ہے، پی ٹی آئی سربراہ کو مخالفین کے ساتھ بیٹھنا پڑے گا اور وہ بیٹھیں گے، یہ جمہوریت کا حصہ ہے۔
قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان روز فوج کو آئین توڑنے، سیاست میں مداخلت کرنے اور حکومت کو گھر بھیجنے کی دعوت دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو 8 سال پہلے ہی پتہ تھا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں ملوث ہیں اور انہوں نے منی لانڈرنگ کی ہے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے دست راست شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ وکیلوں یا ججز نے نہیں بلکہ ڈاکٹروں نے بنانی ہے۔