لاہور دھماکے کا سہولت کار گرفتار، تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل
لاہور: ارفع کریم ٹاور کے قریب ہونیوالے بم دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، ایف آئی اے نے فیروز پور روڈ بم دھماکے کے سہولت کار کو گرفتار کرلیا۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بڑی کامیابی مل گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو فیروزپور روڈ دھماکے کی تحقیقات کے دوران سہولت کار کے حوالے سے خفیہ معلومات موصول ہوئیں جس پر ایف آئی اے نے کارروائی کرکے خودکش حملہ آور کو وہاں چھوڑنے آنیوالے سہولت کار کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم جگہ پر منتقل کر دیا ہے جبکہ سانحہ کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے جس نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سہولت کار سے ایف آئی اے حکام تفتیش کر رہے ہیں، تفتیش کے دوران اہم انکشافات متوقع ہیں۔ پولیس نے دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی ہے، خودکش حملہ آور کے اعضا فرانزک اور ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھیج دیئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ 24 جولائی کو دہشتگردوں نے ایک بار پھر لاہور کے امن کو نشانہ بنایا، فیروز پور روڈ پر قائم ارفع کریم ٹاور کے باہر ایک زور دار دھماکہ ہوا، جس میں پولیس اہلکاروں سمیت 37 افراد لقمہ اجل بن گئے، جبکہ 67 افراد زخمی ہوئے تھے۔