پنجاب

ملک میں قانون نام کی کوئی چیز ہے تو عمران خان کو گرفتار ہونا چاہیے

لاہور: عمران خان کو پاکستان کی سیاست سے نکال دیں تو یہ ملک دن رات ترقی کرے گا۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ3 سال بعد پاسپورٹ واپس مل گیا ہے، عدالت نے مجھے پاسپورٹ واپس دینے کیلئے بلایا تھا، خوشی ہوئی پاسپورٹ واپس مل گیا، سوال اٹھتے ہیں پاسپورٹ 3 سال تک کیوں رکھا گیا، جس کیس میں پاسپورٹ رکھا وہ میرے خلاف بنا ہی نہیں، ان کے پاس میرے کیخلاف کوئی کیس نہیں تھا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ والد کے سامنے گرفتار کیا گیا، نیب میں مجھے رکھا گیا، 75 دن تک مجھے حبس بے جا میں رکھا گیا، اس کے بعد مجھے کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا گیا، جس کی آڑ میں پاسپورٹ رکھا وہ ریفرنس ہی نہیں بن سکا، ناجائز طور پر3 سال تک میرا پاسپورٹ کیوں رکھا گیا؟، پانامہ میں بھی مجھے بریت ملی مگر 6 سال مقدمہ بھگتا، سارا کھیل عمران خان کے الیکشن جیتنے کےلیے کھیلا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے کیلبری کوئن کہہ کہہ کر من گھڑت بات گڑھی گئی، کیلبری فونٹ اور ٹرسٹ ڈیڈ پر مجھے سزا نہیں ہوئی، عدالت نے کہا ٹرسٹ ڈیڈ بھائی بہن کے درمیان ہے اس پر کچھ نہیں ہوسکتا، عدالت نے کہا ٹرسٹ ڈیڈ بھائی بہن کے درمیان ہے اس پر کچھ نہیں ہوسکتا، مجھ سے پوچھا جاتا تھا کھانے کا مینو کون بناتا ہے ، پارٹی کے فیصلے کون کرتا ہے؟، انشا اللہ ایک دن قوم کے سامنے حقیقت آ کر رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس شوکت عزیز کے انکشافات قوم کے سامنے ہیں، میں نے اپنے وکیل کو ہدایات کی تھیں کہ مجھے نیب کی نئی ترامیم کا فائدہ نہیں اٹھانا، جھوٹا مقدمہ جو قوم کے سامنے آیا آپ اسکو این آر او کہتے ہیں، مجھے نیب کی نئی ترامیم کے باعث ریلیف نہیں ملا، ظلم نے ایک دن مٹنا ہوتا ہے، یہ ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتا، کہا جارہا ہے کہ اسحاق ڈار کی واپسی این آر او ہے، اسحاق ڈار کی واپسی سے معیشت بہتر ہورہی ہے، ڈار صاحب نے پہلے بھی دو بارملک کو بحرانوں سے نکالا اب بھی نکالیں گے، اگر معیشت بہتر ہوگئی تو یہ لوگ عوام کو کیا منہ دکھائیں گے۔

نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ آپ نے بنی گالہ کی جھوٹی رجسٹریشن کرائی،اس کو این آر او کہتے ہیں، عمران خان کو شرم نہیں آتی، معافی مانگنے کے بجائے این آر او این آر او کی رٹ لگا رہا ہے، پنجاب میں حکومت ملی تو آپ نے فرخ خان کے کیس ختم کرائے، یہ ہوتا ہے این آر او، ماضی میں جس کو پنجاب کا بڑا ڈاکو کہتے ہیں آج اس کو وزیراعلیٰ بنادیا، تمہارے خلاف اتنے بڑے بڑے کیسز ہیں، یہ فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیس میں مجرم ثابت ہوا، فرح خان کو راتوں رات باہر بھیج دیا گیا یہ این آر او نہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں عورتوں کی بڑی عزت ہوتی ہے، مریم نواز کو جیل میں آپ کی حکومت میں بھیجا گیا، میں تب بھی خاتون تھی جب مجھے 6سال عدالتوں میں دھکے کھانے پر مجبور کیا گیا، تم نے مجھے میرے باپ کے سامنے گرفتار کیا اس وقت میں خاتون نہیں تھی؟ ۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمہاری طرح چھپ کر ضمانتیں نہیں کراتے، جلسوں میں ان کی ساری تقاریر میرے خلاف ہوتی ہیں، کیا جلسوں میں بھول جاتے ہوکہ مریم نواز ایک عورت ہے، دانیال عزیز اور دیگر لوگوں کو بھی معافی ملنی چاہیے، عمران خان نے ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ سائفر گم ہوگیا، سائفر حکومت کی امانت ہے کوئی ہیرے کی انگوٹھی نہیں، ریاست کی دستاویز کو آپ نے غائب کیا، اگر جھوٹ بولو گے تو ساری زندگی رونا پڑے گا، دنیا آج پاکستان کو سائفر بھیجنے سے ڈرتی ہے، اقتدار میں تھے تو سب اچھے اور اقتدار گیا تو سب برے ہوگئے، فارن فنڈنگ کیس سائفر کے ساتھ بھی لنک ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمنوں نے عمران خان کے ذریعے اپنا کام کیا، کیا عمران خان نے گھڑیاں نہیں بیچیں؟، ملک میں قانون نام کی کوئی چیز ہے تو عمران خان کو گرفتار ہونا چاہیے، عمران خان کو پاکستان کی سیاست سے نکال دیں تو یہ ملک دن رات ترقی کرے گا۔

مریم نواز نے جلد لندن جانے کا فیصلہ کرلیا ہے انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ مل گیا اب لندن جاوں گی، والدہ کی وفات کے بعد والد اور بھائیوں سے ملاقات نہیں ہوئی، ایک چھوٹی سرجری ہونی ہے جو پاکستان میں نہیں ہوسکتی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close