پنجاب

عمران خان لانگ مارچ کے وقت جو کہیں گے اس پرعمل کریں گے

لاہور : رانا ثناء اللہ سمجھتے تھے کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انہیں سزائیں ہوں گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لانگ مارچ کے وقت جو کہیں گے، اس پرعمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ اپنے اردگرد دیکھ لیں کہ کس کی حکومتیں ہیں۔ پنجاب عمران خان کا اپنا ہے۔ خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی عمران خان کا اپنا ہے۔ لانگ مارچ ہوا تو رانا ثناء اللہ کو کھڑے ہونے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے ملنے کا کوئی شوق ہے نہ ہی ان سے ملنا چاہتا ہوں۔ کافی عرصہ ساتھ رہنے کے بعد انسان کو سیکھ جانا چاہیئے، مجھے ان کے گھر کے ایک ایک شخص کا علم ہے۔ ان لوگوں نے ہمارے ملک کا برا حال کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیلاب کے دوران شہباز شریف نے پنجاب کے ساتھ بالکل اچھا سلوک نہیں کیا۔ افسوس ہوتا ہے کہ پنجاب نے شریف خاندان کو دو تین دفعہ وزیراعلیٰ اور وزیراعظم بنایا لیکن ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے انہوں نے ایک پیسہ تک نہیں دیا۔

پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے ویژن اور سوچ کے ذریعے سیلاب متاثرین کیلئے بھرپور عطیات جمع کئے۔ عمران خان کی مقبولیت کی وجہ سے کامیاب ٹیلی تھون ہوئی۔ میں بھی شامل تھا۔ ہم نے ٹیلی تھون کے ذریعے اڑھائی ارب روپے جمع کئے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے معصوم خواتین اور بچوں پر گولیاں چلائیں۔ ان کا اعترافی بیان اسمبلی میں موجود ہے۔ جو ہم بطور ثبوت عدالت کو دینے جا رہے ہیں۔ وہاں پر اس نے یہی کہا تھا کہ ریاست کے اندر ریاست بن رہی تھی، ہم نے اور بھی کرنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ سمجھتے تھے کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ ہم نے مایہ ناز وکلاء، سیکریٹری قانون اور ایڈووکیٹ جنرل پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انہیں سزائیں ہوں گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close