پنجاب

عہدے اہمیت نہیں رکھتے نوازشریف آج بھی عوام کے دلوں میں بستے ہیں، مریم نواز

مری: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ عہدے اہمیت نہیں رکھتے جب کہ نوازشریف آج بھی عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔ نواز شریف وزیراعظم ہاؤس خالی کرنے کے بعد بیگم کلثوم نواز، بیٹی مریم اور بیٹے حسین کے ہمراہ مری پہنچے تو نتھیا گلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے بازی بھی کی جس کا نوازشریف نے گاڑی سے باہر نکل کر ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔ اس موقع پر نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا کہ محبتوں کا وہ ہی سمندر، عہدے اہمیت نہیں رکھتے، نوازشریف آج بھی عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔
اس سے قبل  نواز شریف کے وزیراعظم ہاؤس خالی کرنے کے دوران جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ نواز شریف وزیراعظم ہاؤس کےعملے سے ملے اور ان سے الوداعی مصافحہ کیا۔ ان کا سامان دو روز پہلے ہی وزیراعظم ہاؤس سے منتقل کر دیا گیا تھا۔
اب نئے وزیراعظم کے لیے وزیراعظم ہاؤس کو آراستہ کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) نے شاہد خاقان عباسی کو 45 روز کے لیے عبوری وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کی شام تک نئے وزیراعظم کا انتخاب ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو 28 جولائی کو نااہل قرار دے دیا جس کے نتیجے میں ان کی وزارت عظمیٰ ختم اور کابینہ تحلیل ہو گئی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close