لاہور: بلیو لائن انڈر گراؤنڈ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور: پنجاب حکومت اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے درمیان بلیولائن انڈر گراؤنڈ پراجیکٹ کے حوالے سے تعاون پر اصولی اتفاق کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیرمونس الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے تعاون سے جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت اور لاہور میں بلیو لائن انڈر گراؤنڈ پراجیکٹ شروع کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب حکومت اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے درمیان بلیولائن انڈر گراؤنڈ پراجیکٹ کے حوالے سے تعاون پر اصولی اتفاق کیا گیا، ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے بلیو لائن انڈر گراؤنڈ پراجیکٹ کیلیے تعاون کی یقین دہانی کرائی، ملاقات میں قصور سے بہاول نگر تک ستلج کوریڈور پراجیکٹ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
علاوہ ازیں پرویزالٰہی کی زیر صدارت ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا جس میں پرویزالٰہی نے ایل ڈی اے کو مساجد سے سیوریج چارجز وصول کرنے سے روک دیا، نئے اسکولوں کی تعمیر کیلیے قواعد و ضوابط میں ضروری رد و بدل کی منظوری دیدی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائیویٹ رہائشی اسکیموں سے نئی شرح سے سیوریج چارجز لیے جائیں گے۔
دریں اثناء پرویز الٰہی نے ماہر تعلیم ڈاکٹر سمیرا رحمن کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان میں پنجاب کا نمائندہ مقرر کر دیا، پرویزالٰہی سے پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمن نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے سمیرا رحمن کو تقرری کا نوٹیفکیشن دیا۔