لاہور: موجودہ حکومت سے معاملات کے حل کیلیے کوشش کی مگر مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔
زمان پارک میں عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ صورت حال اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اجلاس کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام اراکین نے اسمبلی کی تحلیل کا مکمل اختیار عمران خان کو دے دیا ہے اور وہ اگلے چند روز میں پنجاب و خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے ہمارے ممبران پہلے ہی باہر آچکے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلیاں بھی تحلیل ہونے کا معاملہ چل رہا ہے اس لیے اب ہم عملی طور پر پارلیمان کا حصہ نہیں ہیں۔ پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے کہا کہ اجلاس میں سب کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک کے تمام سیاسی و معاشی مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں۔
شاہ محمود نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پنجاب اور کے پی میں رمضان سے پہلے الیکشن کا عمل مکمل ہوجائے، معیشت تیزی کے ساتھ تنزلی کی طرف جارہی ہے کیونکہ اب ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے معاملات کے حل کے لیے صدر مملکت کے توسط سے بات چیت کرنے کی کوشش کی مگر حکومت کے ساتھ کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، ہم اداروں کے درمیان پیدا ہونے والی خلیج کو بھی دور کرنے کے لیے کردار ادا کررہے ہیں کیونکہ یہ ملکی مفاد میں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ملکی مسائل کا واحد حل شفاف انتخابات ہیں، ہماری خواہش ہے رمضان سے پہلے صوبوں میں نئی حکومتیں بن جائیں۔