پرویزالہیٰ نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو وہ وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے
لاہور: پنجاب اسمبلی میں کل بدھ کو طلب کیے گئے اجلاس کے حوالے سے ن لیگ اور اتحادیوں کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
ن لیگ اور اتحادیوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اگر کل پنجاب اسمبلی کا اجلاس منعقد نہ ہوا اور وزیراعلیٰ نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا تو گورنر نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے نوٹی فکیشن جاری کردیں گے۔
مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، ملک احمد خان، طارق بشیر چیمہ، چودھری سالک حسین اور عون چودھری نے شرکت کی۔
اجلاس میں اسپیکر کی جانب سے گورنر کے طلب کردہ اجلاس کو غیر قانونی قرار دینے کے معاملے پر مشاورت ہوئی۔ شرکا نے رائے دی کہ کل کا اجلاس مکمل آئینی و قانونی ہے اور اس میں پرویز الہی کو اعتماد کا ووٹ ہر صورت میں حاصل کرنا ہوگا، اجلاس کا انعقاد نہ ہوا یا وزیراعلی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو چودھری پرویز الہی اپنا عہدہ برقرار نہیں رکھ سکیں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی اپنے عہدے پر برقرار نہ رہے تو گورنر پنجاب نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے نوٹی فکیشن جاری کریں گے۔