وفاقی حکومت کے فیصلے پنجاب حکومت کو قبول نہیں
پنجاب حکومت کا بازار جلد بند کرنے سے متعلق وفاق کا حکم ماننے سے انکار
لاہور: یہ فیصلہ ہم خود کریں گے اور تمام اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
وفاقی حکومت نے توانائی بچت پروگرام کے تحت ملک بھر میں شادی ہالز رات 10 اور مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تاجروں کے بعد پنجاب حکومت نے بھی وفاقی حکومت کے رات ساڑھے 8 بجے دکانیں بند کرنے کے فیصلے کومسترد کردیا۔
اس حوالے سے پنجاب کے سینیئر وزیرمیاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے فیصلے پنجاب حکومت کو قبول نہیں، پنجاب حکومت دکانیں رات آٹھ بجے بند کرنے کافیصلہ خود کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے عجلت میں کیے گئے کسی فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے، وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ کرنے سے پہلے صوبوں سے مشاورت نہیں کی، تمام اسٹیک ہولڈرز اور چیمبر کے نمائندوں سے بات چیت کریں گے اور بات چیت کے بعد معاملہ کابینہ میں لے کر جائیں گے۔
میاں اسلم اقبال کا کہنا تھاکہ ایسے فیصلوں سے عوام پر بوجھ پڑے گا، بیروزگاری بڑھے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت بجلی کا فی یونٹ 80 روپےکرنےجارہی ہے، وفاقی حکومت اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کرے، عوام پر بوجھ نہ ڈالے۔