پنجاب

مخالفین جو مرضی کرلیں، لندن نہیں جا رہی، الیکشن مہم چلاؤں گی، مریم نواز

لاہور: مریم نواز کا کہنا ہے کہ لندن نہیں جا رہی الیکشن مہم چلاؤں گی، جب کہ مخالفین جو مرضی کرلیں این اے 120 کا معرکہ (ن) لیگ ہی جیتے گی۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن لاہور میں مریم نواز کی زیر صدارت حلقہ این اے 120 کے الیکشن سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء سمیت بلدیاتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں انتخابی مہم سے متعلق مشاورت کی گئی اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ لندن نہیں جا رہی، الیکشن مہم چلاؤں گی، پارٹی کے رہنما اور کارکنان مہم کو تیز کریں، جب کہ گھر گھر مہم کا سلسلہ آئندہ چند روز میں شروع کروں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد صادق اور امین ہیں جب کہ ان کی محبت دلوں سے نہیں نکالی جاسکتی، مخالفین جو مرضی کرلیں این اے 120 کا معرکہ (ن) لیگ ہی جیتے گی، (ن) لیگ کی جیت نوشتہ دیوار ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ تم جتنی دفعہ نوازشریف کو نکالو گے، اللہ تعالی نوازشریف کو اتنی دفعہ ذیادہ ووٹوں سے جتوائے گا، داتا صاحب کے باہر شروع سے آخر تک ہزاروں سے لاکھوں لوگوں نے کہا تھا کہ فیصلہ نامنظور ہے۔ واضح رہے کہ ماڈل ٹاؤن لاہورمیں مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں این اے 120 کی انتخابی مہم کے حوالے سے مشاورت و حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر پرویز ملک، صوبائی وزیر بلال یاسین، پرویز رشید، شائستہ پرویز ملک، احمد حسان، صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان سمیت اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور یونین کونسلز کے عہدیدار شریک تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close