نواز شریف ایک عرصہ خاموش رہے لیکن اب وہ صرف سچ کہہ رہے ہیں، مریم نواز
لاہور: مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا رویہ تلخ نہیں اور اب وہ سچی بات کررہے ہیں تو سننے کا حوصلہ رکھیں۔ داتا دربار لاہور پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں لیکن ہمیں اللہ تعالی پر کامل یقین ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے جس حال میں رکھا اچھا رکھا۔ انہوں نے کہا کہ والد کا رویہ تلخ نہیں ہے، وہ ملک کے لیے بات کرتے ہیں، نواز شریف ایک عرصہ خاموش رہے لیکن اب وہ صرف سچ کہہ رہے ہیں اور اگر وہ حقیقت بیان کررہے ہیں تو سننے کا حوصلہ رکھیں۔
دوسری جانب حلقہ این اے 120 کے انتخابی مہم میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا این اے 120 نے ایک نہیں دو نہیں، تین بار نواز شریف کو وزیراعظم منتخب کیا ہے، کیا عوام نوازشریف کوچوتھی مرتبہ وزیراعظم بنانے کے لیے تیارہیں۔ انہوں نے عوام سے پوچھا ، کیا پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والا، ملک کو سی پیک دینے والا شخص نااہل ہوسکتا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ میری والدہ بیمار ہیں اور لندن میں زیر علاج ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صحت عطا کرے، نواز شریف ان کی عیادت کے لئے بدھ کے روز لندن جارہے ہیں، والدہ کی انتخابی مہم کی ذمہ داری پوری کروں گی۔