آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی فوج کو کراچی کے شہریوں کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی
کراچی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کراچی انتظامیہ کی جانب سے بارش کے بعد کی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے پاک آرمی سے مدد کی درخواست کی گئی ہے جب کہ فوج نے پانی نکالنے کے لیے واٹر پمپس بھی فراہم کردیے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے انتظامیہ کی درخواست پر شہریوں کو مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ احسن اقبال نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کو ٹیلی فون کرکے کراچی کی بارش کی وجہ سے شہر میں پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جب کہ ڈی جی رینجرز کو شہر میں بارش کے بعد امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت بھی کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ رات سے شہر قائد میں موسلادھار بارش کا سلسلسہ جاری ہے جس کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 3 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جب کہ متعدد علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا ہے۔