مریم نواز نے سوشل میڈیا پر عمران خان کی کردار کشی کرنے کی کوشش کی
مریم نواز کے خلاف سائبر ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے
لاہور: فواد چوہدری نے مریم نواز کے خلاف ایف آٸی اے سائبر کرائم میں درخواست دے دی
فواد چوہدری کی جانب سے ایف آئی اے کو دی گئی درخواست میں لکھا گیا ہے کہ ’مریم نواز نے عمران خان کے خلاف متنازعہ ٹویٹ کی اور انہیں متنازع بنا کر کارکنوں کو بد دل کرنے کی کوشش کی‘۔
پی ٹی آئی رہنما نے اپنی درخواست میں لکھا کہ مریم نواز نے عمران خان کو بدنام کرنے کی کوشش کی، لہذا استدعا ہے کہ ایف آئی اے مریم نواز کیخلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کرے۔
درخواست میں فواد چوہدری نے استدعا کی کہ مریم نواز نے جھوٹی بے بنیاد عدالتی درخواست سوشل میڈیا پر شیئر کر کے عمران خان کے کردار کشی کرنے کی کوشش کی اور ن لیگ کے سوشل میڈیا ہیڈ عاطف رؤف نے اس کو ٹاپ ٹرینڈ بنانے کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال کیا لہذا سائبر ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
قبل ازیں مریم نواز نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر ایک اسکرین شاٹ کے ساتھ ٹویٹ کی اور لکھا تھا کہ جس نے بھی عمران خان کی سہولت کاری کی بدنامی اور رسوائی اُس کا مقدر بنی ہے۔