پنجاب

مستحقین کو آٹے کی تقسیم ان کا بنیادی حق ہے کسی کا احسان نہیں : عدالت

لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھنا اسلامی تعلیمات ہیں جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا

لاہور ہائیکورٹ نے صوبہ پنجاب میں مفت آٹے کی میڈیا پر تشہیر روکنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکومت نے رمضان بازار ختم کرکے عوام کو آٹے کے ٹرک پر چڑھادیا، رمضان بازار کیلئے منظور شدہ رقم آٹے کی تقسیم میں استعمال کرنے پر نگران حکومت پھنسے گی۔

عدالت نے رمضان سبسڈی اور آٹے کی تقسیم کیلئے رقم کی فراہمی کی تفصیلات طلب کرلیں، عدالت نے ریمارکس دیے کہ آگاہ کیا جائے کہ آٹے کی خریداری کیلئے رقم کس مد سے آرہی ہے، عدالت نے آٹے کی تقسیم کیلئے بنایا گیا میکنزم بھی طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں مفت آٹے کے تقسیم کی تشہیر روکنے اور طریقہ کار طلب کرنے کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزار جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں آٹے کی تقسیم کے دوران ہلاکتوں کے واقعات ہوئے، رجسٹریشن اور میکنزم بنائے بغیر آٹے کی تقسیم سے عوام کو ذلیل کیا جارہا ہے۔
عدالت نے مفت آٹے کی تقسیم پر سیکرٹری خزانہ پنجاب کو دستخط شدہ مصدقہ تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا اور پنجاب میں آٹے کی تقسیم کے طریقہ کار اور ہلاکتوں کے خلاف درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ مستحقین کو آٹے کی تقسیم ان کا بنیادی حق ہے کسی کا احسان نہیں، لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھنا اسلامی تعلیمات ہیں جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، بہتر تو یہ تھا کہ حضرت عمررضی اللہ تعالیٰ عنہہ کی پیروی کرتے ہوئے آٹا گھر کی دہلیز تک پہنچایا جاتا۔

عدالت نے کہا رمضان بازاروں یا سبسڈی کی رقم بجٹ میں منظور شدہ ہوتی ہے، بجٹ میں منظور شدہ رقم آٹے کی تقسیم میں استعمال کرنے پر نگران حکومت پھنسے گی، عدالت نے قرار دیا کہ منظور شدہ رقم تو حکومت کسی اور مد میں استعمال نہیں کرسکتی، یہ تو نگران حکومت ہے بہتر ہوتا کہ بنیادی اشیائے خور و نوش میں سب کو یکساں بنیادوں پر سبسڈی دے دی جاتی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ نگران حکومت نے رمضان بازار ختم کرکے سبسڈی کی رقم آٹے میں تقسیم کردی، یہ کون سا میکنزم ہے جس کے تحت افراد کو آٹے کیلئے ٹرک پر چڑھادیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عوام کو اذیت میں مبتلا رکھا گیا ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے آٹے کا معیار انتہائی خراب ہے، پنجاب حکومت آٹے کی تقسیم کے لیے بہترین انتظام نہیں کرسکی، حکومت کی غلط پالیسی اور طریقہ کار کے باعث ہلاکتیں ہوئیں، مفت آٹا فراہمی کیلئے اکثر فلور ملوں کو فراہم کی گئی گندم غیر معیاری ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ غیر معیاری آٹا فراہمی اور ہلاکتوں کا نوٹس لیکر کارروائی کرے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close