ملک کا نظام محنت کشوں کی وجہ سے چل رہا ہے،ملک پر ظالم جاگیردا اور کرپٹ ٹولہ مسلط ہے
مزدور پسینہ بہاتا ہے لیکن مزے کوئی اور کرتا ہے،سراج الحق
لاہور: وی آئی پی تو پاکستان میں لوٹ مار اور کرپشن کررہا ہے، انگریزوں کے بوٹ پالش کرنے والا طبقہ ہم پر مسلط ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کا نظام محنت کشوں کی وجہ سے چل رہا ہے، کھیت کھلیان مزدوروں کی برکت سے ہے، وی آئی پی تو پاکستان میں لوٹ مار اور کرپشن کررہا ہے، وی آئی پی آف شور کمپنیوں میں پیسے چھپارہا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ غریب مزدور اپنی صلاحیت، خون،زندگی اس ملک پر نچھاور کررہے ہیں، پاکستان میں مزدوروں کیلئے کوئی ریلیف نہیں ہے، پاکستان کی حکومتوں نے مزدوروں کے ساتھ بہت زیادتیاں کیں، ملک پر ظالم جاگیردا اور کرپٹ ٹولہ مسلط ہے، انگریزوں کے بوٹ پالش کرنے والا طبقہ ہم پر مسلط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو غریبوں کا کوئی احساس نہیں، حکومتیں بدلتی ہیں لیکن مزدوروں کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آتی، ایک غریب مزدور کس طرح اپنے گھر کی کفالت کررہا ہے یہ وہی جانتا ہے، مزدور پسینہ بہاتا ہے لیکن مزے کوئی اور کرتا ہے۔