پنجاب
این اے 120، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی سمیت 41 امیدوار اپنی ضمانتیں ہی ضبط کروا بیٹھے
لاہور: این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی سمیت 41 امیدوار اپنی ضمانتیں ضبط کروا بیٹھے۔ ایک امیدوار تو صرف 3 ووٹ ہی لے سکا۔ لاہور کے حلقہ این اے 120 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دلچسپ نتائج سامنے آئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، بیگم کلثوم نواز اور ڈاکٹر یاسمین راشد کے علاوہ تمام امیدوار ضمانتیں ہی ضبط کروا بیٹھے۔ انتخابی دنگل میں 36 امیدوار تو 100 ووٹ بھی نہ لے پائے۔
13 امیدوار ایسے تھے جن کو 10 ووٹ بھی نہ ملے۔ 3 امیدواروں نے بمشکل 10، 10 ووٹ حاصل کیے۔ آزاد امیدوار حافظ خالد ولید نے سب سے کم 3 ووٹ حاصل کیے۔ ووٹوں کا تناسب دیکھا جائے تو پیپلز پارٹی کے فیصل میر نے تقریبا ہر پولنگ اسٹیشن سے 6 ووٹ ہی حاصل کیے۔ جماعت اسلامی کے امیدوار ضیاء الدین انصاری کے ہر پولنگ اسٹیشن سے ووٹوں کا تناسب بس اڑھائی ووٹ ہی بنتا ہے۔