فوجیوں کو ذبح کرنے والے چار دہشتگردوں کی سزائے موت کی آرمی چیف نے توثیق کردی
راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالت سے سزا یافتہ 4 دہشت گردوں کی سزائے موت کی تصدیق کر دی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید چار دہشت گردوں کی سزائے موت کی تصدیق کردی جنہیں فوجی عدالتوں نے ٹرائل کے بعد سزائے موت سنائی تھی۔ چاروں مجرم فورسز پر حملوں اور سپاہیوں کو ذبح کرنے میں ملوث تھے اور انہوں نے فوجی عدالتوں میں اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔ مجموعی طور پر دہشت گردوں نے 21 افراد کو قتل کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شبیر احمد ولد محمد شفیق پر میجر عدنان سمیت دس فوجیوں کے قتل اور 4 سپاہیوں کو اغوا کرکے ان کے گلے کاٹنے کا جرم ثابت ہوا۔ عمارا خان ولد احمد خان نے تین فوجیوں کو قتل اور گرلز پرائمری اسکول کو تباہ کیا تھا۔ طاہر علی ولد سید نبی دو سپاہیوں کے قتل میں جبکہ آفتاب الدین ولد فرخ زادہ پولیس افسر کی ہلاکت میں ملوث تھا۔