سینیٹرز کی جانب سے انتخابی اصلاحات بل کی منظوری جمہوریت کی فتح ہے، پرویز رشید
لاہور: سینیٹر پرویز رشید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف خاندان کی واپسی زیادہ دور نہیں ہے، جلد عوام میں موجود ہوں گے اور افواہیں پھیلانے والوں کو جواب مل جائے گا۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ شریف خاندان اس وقت بھی واپس آیا جب ان کی جان کے دشمن یہاں حکمران تھے، نواز شریف ملک کی بڑی سیاسی حقیقت ہیں جسے کوئی جھٹلا نہیں سکتا، البتہ شریف خاندان کی سیاست ختم کرنے والے جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ سینیٹر پرویز رشید نے پارلیمنٹ میں ہونے والی ترمیم کو بڑا سیاسی اپ سیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا ساتھ دینے والے سینیٹر کو ان کی نالائق قیادت نوٹس دے رہی ہے، سینیٹرز کی جانب سے انتخابی اصلاحات بل کی منظوری جمہوریت کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوب خان اور مشرف جیسے ڈکٹیٹرز نے سیاسی قیادت کا راستہ روکنے کیلئے پابندیاں لگائیں، ذوالفقار علی بھٹو نے اقتدار میں آ کر یہ پابندیاں اٹھائیں، سیاسی جماعتوں میں مائنس ون کا فارمولا نہیں چلے گا، سیاسی قیادت کی وطن واپسی کے آگے بند باندھنا ممکن نہیں، عوامی طاقت کے سامنے کوئی نہیں ٹھہر سکتا، سب کو سرتسلیم خم کرنا پڑے گا۔