”شریفوں”کو پھانسی کا پھندا صاف نظر آ رہا ہے، ظالم سزا سے نہیں بچ سکتے، فیاض احمد وڑائچ
لاہور: پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ ظالم حکمرانوں نے طاقت کے نشے میں بدمست ہو کر یہ سوچ رکھا تھا کہ ہمارے ظلم و بربریت اور لوٹ مار پر کوئی گرفت نہیں کر سکتا، مگر حالات نے ثابت کر دیا کہ اصل حکمرانی اللہ تعالیٰ کی ہے جس کی لاٹھی بے آواز ہے۔ وہ مظلوموں کی داد رسی ضرور کرتا ہے۔ ماڈل ٹائون میں تاریخ کی بدترین ریاستی دہشت گردی کے بعد غریب مظلوموں کا کوئی پرسان حال نہیں تھا مگر ہم نے اپنے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں مظلوموں کی داد رسی کیلئے عوامی و قانونی جدوجہد جاری رکھی جس کے نتیجے میں آج ظالم قانون کے شکنجے میں آگئے ہیں۔ جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ کو شائع کرنے کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ نے حق سچ پر مبنی تاریخی فیصلہ دیا۔ اس فیصلے کے بعد حکومت کا رپورٹ وارثان کو نہ دینا توہین عدالت ہے اور حکومت کا اس فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل میں جانا اقرار جرم ہے۔ اگر یہ مجرم نہ ہوتے اور انہیں جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ سے کوئی خوف نہ ہوتا تو یہ فوری اس رپورٹ کو شائع کر دیتے اور اپیل دائر نہ کرتے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ”شریفوں”کو پھانسی کا پھندا صاف نظر آ رہا ہے مگر ظالم کسی بھی صورت سزا سے نہیں بچ سکتے۔ سانحہ ماڈل ٹائون سیاسی نہیں بلکہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے جس سے کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا کہ ہمارا قصاص کا مطالبہ آئین، قانون اور شریعت کے عین مطابق ہے جس کے زریعے ہم شہداء کے خون کے قطرے قطرے کا بدلہ لیں گے۔ وہ وقت قریب ہے جب یہ قاتل حکمران اپنے انجام بد کو پہنچیں گے۔