بلوچستان کے بغیر پاکستان نامکمل، پاکستان کا مستقبل بلوچستان کی نوجوان نسل سے وابستہ ہے، جنرل باجوہ
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بلوچستان کے طلبا سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان قومی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں، ریاست مخالف پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں، پروپیگنڈہ ریاست مخالف عناصر غیرملکی دشمن ایجنسیوں کے تعاون سے کر رہے ہیں اور اپنی تعلیم پر توجہ دیں، محنت کریں اور منفی خیالات کو ذہن میں جگہ نہ دیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، بلوچستان سے 173 طلباء اور اساتذہ کی آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی ہے، اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، نوجوان نسل پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ نوجوان قومی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں، آرمی چیف نے طلباء کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست مخالف پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں، پروپیگنڈہ ریاست مخالف عناصر غیرملکی دشمن ایجنسیوں کے تعاون سے کر رہے ہیں اور اپنی تعلیم پر توجہ دیں، محنت کریں اور منفی خیالات کو ذہن میں جگہ نہ دیں، بلوچستان کی نوجوان نسل بہت باصلاحیت ہے اور پاکستان کا مستقبل بھی بلوچستان کی نوجوان نسل سے وابستہ ہے، تعلیم ہماری قومی ترجیح ہے، اس قومی مقصد کے حصول کیلئے اپنی بھرپور معاونت جاری رکھیں گے، کوئٹہ میں نسٹ یونیورسٹی کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
آرمی چیف نے طلباء کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج پرامن، محفوظ اور مستحکم پاکستان کے عزم پر قائم ہے اور پاک فوج ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پوری قوم کی حمایت سے پاک فوج نے ملک سے انتہاپسندی ختم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے آرمی چیف نے بلوچستان میں پاک فوج کے تعاون سے جاری ترقیاتی کاموں سے بھی آگاہ کیا اور طلباء نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم و حوصلے کو بھی سراہا۔