سکولوں سے متعلق نئے قانون کے خلاف کل سے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان بھی ہو سکتا ہے :کاشف مرزا
لاہور : آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے کہا ہے کہ نئے قانون کےخلاف جاری ہڑتال کے خاتمے سے متعلق رانا مشہود کا دعویٰ غلط ہے، فیصل آباد میں کسی گروپ کے ہڑتال ختم کرنے سے فرق نہیں پڑے گا ۔
تفصیلات کے مطابق سکولوں سے متعلق بننے والے نئے قانون پر حکومت اور تعلیمی اداروں کے مالکان کے درمیان ڈیڈ لاک بر قرار ہے۔آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ نئے قانون کی موجودگی میں ہمارے لیے اپنے ادارے چلانا ممکن نہیں،اس قانون کے ذریعے کرپشن کے نئے راستے کھلیں گے۔ فیسوں میں پانچ فیصد تک اضافے کی پابندی کے ساتھ سکول مالکان بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اس دور میں سکول نہیں چلا سکیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ہڑتال کے خاتمے کے لیے سکول مالکان کو ہراساں کیا جا رہا ہے ،زبردستی سے ہمارے جائز مطالبات کو دبایا نہیں جا سکتااور اگر حکومت کا رویہ یہی رہا تو کل سے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان بھی ہو سکتا ہے ۔