اگلا الیکشن کا میدان جب سجے گا تو ہم پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے: احسن اقبال
کربلا غزہ میں ہمارے فلسطینی بہن بھائی پر پانی بجلی بند ہو چکا ہے
نارووال: پاکستان ہم سب سے بڑا ہے ، پاکستان ہے تو ہم ہیں ، ہم وزیر اعظم بنیں یا نہ بنیں، پاکستان ہمیشہ رہے گا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ 9 مئی کو جو پی ٹی آئی نے فوج پر حملہ کیا، میں پاکستانی قوم کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں، جس نے اس سازش کو ناکام بنا کر ایٹمی پروگرام کو بچا لیا۔
انہوں نے کہا کہ اگلا الیکشن کا میدان جب سجے گا تو ہم پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے۔ یہ پاکستان کی ریاست سے بڑا بت بنانے کوشش کرتے ہیں تو قوم ایسے بتوں کو پاش پاش کرکے رکھ دیتی ہے۔ پاکستان ہم سب سے بڑا ہے۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ ہم وزیر اعظم بنیں یا نہ بنیں، پاکستان ہمیشہ رہے گا۔
احسن اقبال نے فلسطین کی صورت حال پر بات کرتے کہا کہ یہ وقت پوری امت مسلمہ کا امتحان ہے۔ ایک امریکی سینیٹر نے کہا ہے کہ یہ مذاہب کی جنگ ہے۔ اس کا واضح مطلب یہ ہوا کہ یہ مسلمانوں کے خلاف جنگ ہے۔ امریکا کے اندر ایسی لابی موجود ہے جو اسلام دشمنی میں اندھی ہو چکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج ہر مسلمان کا دل بوجھل ہے۔ ہم روشنیوں میں امن و سکون سے بیٹھے ہیں لیکن غزہ میں ہمارے فلسطینی بہن بھائی کربلا میں بیٹھے ہیں۔ ان کا پانی بجلی بند ہو چکا ہے۔ گھر موت کے گھاٹ بن چکے ہیں۔ان کے گھروں پر اسرائیل بمباری کر رہا ہے۔