انٹیلی جنس نظام دہشتگردوں کے ناپاک اِرادوں کو خاک میں ملانے کیلئے کافی ہوگا، امین وینس
لاہور: کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹیلی جنس نظام 111 کا جلد باقاعدہ افتتاح کر دیا جائیگا۔ آج سی سی پی او سے لے کر نائب قاصد تک تمام فورس انٹیلی جنس نظام کے ذریعے آپس میں منسلک ہو گئی ہے۔ سی سی پی او نے کہا کہ انٹیلی جنس نظام کے ذریعے 3500 اہلکاروں کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا ہے۔ انٹیلی جنس نظام کو کامیاب بنانے کیلئے ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم اور ان کی ٹیم کی کاوش کو سراہتا ہوں۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیئے کہ اُس نے ہمیں خدمت خلق کا موقع دیا۔ آج سے ہمارے 35 ہزار اہلکار اپنے گلی محلوں سے متعلق کسی بھی قسم کے جرم، مشکوک شخص یا سرگرمی کو صرف ایک نمبر کے ذریعے سینئر افسران تک پہنچا سکتے ہیں۔ انٹیلی جنس نظام دہشتگردوں کے ناپاک اِرادوں کو خاک میں ملانے کیلئے کافی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جس کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ گلی محلوں سے متعلق معلومات حاصل ہو رہی ہوں گی۔ انٹیلی جنس نظام کے ذریعے شہر میں امن وامان قائم رکھ کر لوگوں کی دعائیں لیں گے۔ ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم نے اس موقع پر کہا کہ مدات انچارجز کا سرٹیفکیٹ مکمل کرکے جلدی جمع کروانا خوش آئند ہے۔ انٹیلی جنس ایس ایم ایس سروس کا بنیادی مقصد اہلکاروں کو اپنے اردگرد کے ماحول سے باخبر رکھنا اور شہریوں کو تحفظ دینا ہے، آئندہ دنوں میں خود دفاتر میں جاکر انٹیلی جنس نظام کے افادیت اور آگاہی اُجاگر کروں گا، تمام مدات کے اہلکار کسی بھی قسم کی خفیہ اطلاع براہِ راست 03037712111 پر بذریعہ ایس ایم ایس بھیج سکتے ہیں۔ انٹیلی جنس نظام کے ذریعے لاہور پولیس کے تمام اہلکاروں کو ایسا بہترین پلیٹ فارم حاصل ہوگیا ہے جس کے ذریعے وہ معاشرے میں برائی ختم کرنے کیلئے خفیہ اطلاع دینے کیساتھ ساتھ اپنے ذاتی مسائل کے حل کیلئے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔