پی ٹی آئی سے فردوس عاشق اعوان کی رخصتی
سیالکوٹ: تحریک انصاف سیالکوٹ کی قیادت میں اختلافات شدت اختیار کرگئے۔عثمان ڈار نے پارٹی قیادت سے فردوس عاشق اعوان کیخلاف ڈسپلنری ایکشن کا مطالبہ کر ڈالا۔ واضح رہے کہ فردوس اعوان نے الزام لگایا ہے کہ عثمان ڈار اثر و رسوخ کی بنا پر پارٹی میں آگے آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے چند روز قبل عہدے داروں کے خلاف سیالکوٹ میں کنونشن میں سنگین الزامات لگائے تھے، جس پر سیالکوٹ کے پارٹی عہدیدار شدید برہم ہوگئے۔فردوس عاشق اعوان کے الزامات پر تحریک انصاف سیالکوٹ کے صدر عثمان ڈار برہم ہوگئے۔ انہوں نے معاملہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے سامنے رکھ دیا۔ عثمان ڈار نے عمران خان سے فردوس اعوان کو 2018 کے عام انتخابات میں ٹکٹ نہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے اسد عمر کی موجودگی میں تنقید کرکے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور خود نمائی کے لیے پارٹی عہدیداروں پر من گھڑت الزامات لگائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر پی ٹی آئی سیالکوٹ عثمان ڈار و عہدیداروں نے فردوس عاشق کے خلاف ڈسپلنری کمیٹی میں درخواست دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے عثمان ڈار نے کہا کہ ڈسپلنری کمیٹی سے کارروائی کی مشترکہ درخواست تیار کر لی گئی ہے۔واضح رہے کہ فردوس عاشق اعوان این اے 111سیالکوٹ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ کی امیدوار ہیں، اس سے قبل وہ 2007 میں اسی حلقے سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ سے ایم این اے منتخب ہوئی تھیں، جبکہ پی پی پی کے ہی ٹکٹ سے 2013 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کا الزام انہوں نے پارٹی پر لگایا اور خود کو مستقبل کے لئیے اسی حلقہ انتخاب سے پی ٹی آئی سے لڑنے کے لئیے پیش کیا۔