مولانا طارق جمیل کا بیٹا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق
ملتان: معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کا بیٹا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
ڈی ایس پی میاں چنوں سلیم مارتھ کے مطابق عاصم جمیل نے اپنے سینے پر گولی مار کر خود کشی کی، انہیں تشویشناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سنٹر پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
عاصم جمیل کی موت کی رورل ہیلتھ سینٹر کے ڈاکٹروں نے بھی تصدیق کردی۔
ڈی ایس پی میاں چنوں کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل کی خود کشی کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔
مولانا طارق جمیل نے اپنے ایکس ( ٹوئٹر ) پیغام میں بیٹے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے۔ بیٹے کی موت کو حادثاتی قرار دیتے ہوئے انہوں نے سب سے بیٹے کے لیے دعائے مغفرت کی درخواست کی ہے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون
آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے. اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا۔ آپ سب سے گزارش ہے کہ اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں. اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
— Tariq Jamil (@TariqJamilOFCL) October 29, 2023
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی موت کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔
پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او خانیوال اور سینئرپولیس افسران موقع پرموجود ہیں اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔