پنجاب

مخصوص میڈیا پر سازش کے تحت ارکان پارلیمنٹ کی فہرست جاری کی گئی، احسن اقبال

ناروال: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان واحد اسلامی طاقت ہے، جو کسی کو ہضم نہیں ہو رہی، سی پیک سے خطے میں پچاس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی، لیکن نواز شریف کو سی پیک منصوبے کی سزا دی گئی، سی پیک پر امریکی بیان سے قوم کو پتہ چلنا چاہیے کہ نواز شریف کا کیا قصور تھا۔ نارووال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مخصوص میڈیا پر سازش کے تحت ارکان پارلیمنٹ کی فہرست جاری کی گئی، ان اوچھے ہتھکنڈوں سے یہ کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں، آئی بی بھی اس فہرست کی سختی سے تردید کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لسٹ بنانے والوں کا مقصد نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ نون میں دراڑیں ڈالنا ہے، جبکہ نون لیگ ہر طرح سے متفق اور متحد ہے وہ کسی سازش کا شکار نہیں ہوئی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ خبر من گھڑت اور بد نیتی پر مبنی ہے۔ آن لائن کے مطابق ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بیلٹ کے بجائے چور دروازے پر یقین رکھتی ہے، میرا اقامہ چیلنج کرنے پر پی ٹی آئی کو خوش آمدید کہتا ہوں، لیکن ان کو ہمیشہ کی طرح ناکامی کا سامنا ہو گا، پی ٹی آئی نے پہلے وزیر خارجہ خواجہ آصف کا اقامہ بھی چیلنج کیا تھا، ان کو ناکامی کا سامنا ہوا اور اب میرا اقامہ بھی تحریک انصاف چیلنج کرنے جا رہی ہے، تو ان کو خوش آمدید کہوں گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close