اگر ملکی حالات کوئی تبدیل کر سکتا ہے تو وہ نواز شریف ہیں : مریم اورنگزیب
پیپلز پارٹی لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئے، آپ کا رونا آپ کی شکست کی نشاندہی کرتا ہے
21 اکتوبر کو عوام نے نواز شریف کو چوتھی بار وزیرِ اعظم بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
مسلم لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئے، آپ کا رونا آپ کی شکست کی نشاندہی کرتا ہے۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ 21 اکتوبر کو عوام نے نواز شریف کو چوتھی بار وزیرِ اعظم بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ کس طرح 21 اکتوبر کو پورے پاکستان نے نواز شریف کا استقبال کیا، اگر ملکی حالات کوئی تبدیل کر سکتا ہے تو وہ نواز شریف ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے منشور کمیٹی بنا دی ہے جس نے اپنا کام شروع کر دیا ہے، تمام جماعتوں کو مشورہ ہے کہ سیاسی فیلڈ میں آ کر 8 فروری کے الیکشن کی تیاری کریں۔
مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں الیکشن کے لیے تیار ہیں، ہم ان کی قیادت میں پاکستان سے مہنگائی ختم کرنے کے لیے تیار ہیں، شہباز شریف نے پنجاب میں لوگوں کی خدمت کی
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اتحاد آج بھی قائم ہے، ملکی مسائل کے لیے سب کو اکٹھا ہونا ہو گا، ہماری پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحادی حکومت بنی، آصف زرداری، نواز شریف، فضل الرحمٰن سمیت سب نے عوام کی خدمت میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔