شہباز شریف نے عدلیہ اور فوج کو نیب کے دائرہ کار میں لینے کی مخالفت کردی
لاہور: وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ نیب کا دائرہ کاراعلیٰ عدلیہ اورفوج تک وسیع کرنےکے بجائے دیانتداری سے کام کرنیکی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے نیب کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ نیب کرپٹ اورملکی خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب کرنے میں ناکام رہا ہے، واضح عدالتی احکامات کے باوجودکرپٹ عناصرکے خلاف کارروائی نہ ہونے کی مثالیں موجود ہیں، نیب کا دائرہ کاراعلیٰ عدلیہ اورفوج تک وسیع کرنےکے بجائے دیانتداری سے کام کرنے کی ضرورت ہے، عدلیہ اور فوج میں احتساب کے لیے اپنا نظام اور طریقہ کار موجود ہے۔ احتساب کا کڑا نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ کرپشن سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، نیب دائرہ کارپرسیاسی جماعتوں کے قول وفعل میں تضاد قابل افسوس ہے، نیب میں اصلاحات اورکارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے جب کہ نیب کو اپنا کام دیانتداری اور پسند، ناپسند سے بالاتر ہوکر کرنا چاہیے۔