امریکا سی پیک پر اپنے فتوے اپنے پاس ہی رکھے، سعد رفیق
لاہور: وزیرریلوے سعد رفیق کا کہنا ہے کہ امریکا سی پیک پر اپنے فتوے اپنے پاس ہی رکھے ہم خود مختار ملک کے عوام ہیں اپنے فیصلے خود کرتے ہیں۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان قائم رہنے کےلیے بنا ہے ہم نے قیام پاکستان کے بعد70 برسوں میں بہت کچھ کھویا لیکن پایا بھی بہت کچھ ہے، دنیا میں ایسے بھی لوگ ہیں جن کے پاس ووٹ دینے کا حق نہیں، ایسے ممالک بھی ہیں جہاں میڈیا ہی نہیں ہے لیکن پاکستان میں ہر نعمت موجود ہے عوام خود مختار ہے، ہمارے پاس دنیا کی بہترین عدلیہ اور دنیا کی بہترین فوج ہے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی خوشحالی کا عظیم ترین منصوبہ ہے اسی لئے دشمنوں کی نظروں میں کھٹکتا ہے اور بھارت کو سب سے زیادہ تکلیف ہے سی پیک پر دشمن کھلے عام بات کرتا ہے امریکا سی پیک پر اپنے فتوے اپنے پاس رکھے، اس ملک میں امریکی حکومت کا ڈالا ہوا ہی گند ہے جسے ہم صاف کررہےہیں، ہم خود مختار ملک کے عوام ہیں ہم اپنا فیصلہ خود کرسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے سیاسی جماعتیں المیوں سے باہر نہیں نکل سکیں بعض ناعاقبت اندیش افراد عوام میں گمراہی اور مایوسی پھیلاتے ہیں اچھے اور برے لوگ ہر ادارے ہر جگہ بلکہ پارلیمنٹ میں بھی موجود ہیں لیکن اکثریت اچھے لوگوں کی ہے، عوام کو چاہئے کہ ان کی باتوں میں آنے کے بجائے بڑے خواب دیکھیں اور خوابوں کی تعبیر کے لیے کمر بستہ ہوجائیں فیصلہ کرلیں کہ آگے بڑھنا ہے اور واپسی کا کوئی راستہ نہیں، کوئی آپ کی مدد کے لئے باہر سے نہیں آئے گا ہمیں اپنی مدد آپ کرنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو اپنی پسند کی جماعت کو ووٹ دینے کا حق ہے ہمیں ووٹ کے اس حق کا بھی دفاع کرنا ہے پاکستان کے فیصلے بند کمروں میں نہیں ہوں گے فیصلےعوام کریں گے اور جو پاکستان کو نقصان پہنچائے گا اس کی خیر نہیں ہو گی۔