وفاق نے حافظ سعید کی نظربندی میں توسیع کی درخواست واپس لے لی
لاہور: وفاقی وزارت داخلہ نے وفاقی نظر ثانی بورڈ کے روبرو جماعت الدعوة کے امیر حافظ سعید اور ان کے ساتھیوں کی نظربندی میں توسیع کی درخواست واپس لے لی ۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مسٹر جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں ہونے والے وفاقی نظر ثانی بورڈ نے درخواست واپس لینے کی بنا پر نمٹا دی۔ درخواست واپس لئے جانے کی بنا پر حافظ محمدسعید اوران کے دیگر نظر بند ساتھیوں حافظ عبدالرحمن، قاضی کاشف حسین، عبداللہ عبید اور ملک ظفر اقبال کو وفاقی نظر ثانی بورڈمیں پیش نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے جس نظر بندی میں توسیع کی درخواست واپس لی ہے، نظر بندی کا حکم انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت جاری کیا گیا تھاجبکہ بعد میں پنجاب حکومت نے حافظ سعید اور ان کے ساتھیوں کوایم پی او اور نقص امن کے خدشے کے تحت نظر بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے خلاف حافظ سعید اور ان کے ساتھیوں نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کررکھا ہے ۔حافظ سعید کے وکیل اے کے ڈوگر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے انسداددہشت گردی ایکٹ کے تحت نظر ثانی میں توسیع کی درخواست واپس لینے کے باوجودحافظ سعید اور ان کے چار ساتھیوں کی ایم پی او کے تحت نظر بندی کاپنجاب حکومت کا حکم نامہ غیرقانونی ہے۔